ممبئی، 2؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ممبئی پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے مبینہ اہم سازشی اور لشکر طیبہ کے رکن سیدذبیح الدین انصاری عرف ابو جند ال سمیت سات لوگوں کو یہاں کی خصوصی مکوکا عدالت نے 2006کے اورنگ آباد اسلحہ برآمدگی معاملہ میں عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ابو جند ال کے علاوہ دیگر 6 ملزمان میں محمد عامر شیخ، بلال احمد، سید عاکف ، افروز خان، محمد اسلم کشمیری اور فیصل عطاء الرحمن کو ، جسے 11؍جولائی 2006کے ممبئی ٹرین بم دھماکہ معاملہ میں موت کی سزا سنائی گئی ہے۔ جج شری کانت انیکر نے عمر قید کی سزا سنائی۔سزا سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ سبھی ساتوں ملزمان اپنی پوری زندگی جیل میں گزاریں گے ۔دو دیگر قصوروار محمد مظفر تنویر اور ڈاکٹر محمد شریف کو 14سال کی قید کی سزا دی گئی ہے ، جبکہ تین دیگر قصورواروں مشتاق احمد، جاوید احمد اور افضل خان کو 8 سال قید کی سزا سنائی گئی۔اے ٹی ایس کی طرف سے اورنگ آباد کے نزدیک سے مبینہ طورپر بھاری مقدار میں ہتھیار برآمد کئے جانے کے 10 سال بعد خصوصی عدالت نے 28؍جولائی کو 12افراد کو مجرم ٹھہرایاتھا اور 8 دیگر کو بری کر دیاتھا ۔معاملہ کے 22ملزمان میں سے 8 کو عدالت نے گزشتہ ہفتے الزامات سے بری کر دیا تھا جبکہ 2 دیگر کے خلاف الگ سے مقدمہ چلے گا کیونکہ ان میں سے ایک سرکاری گواہ بننے کے بعد مکر گیاہے ، جبکہ دوسرا ملزم فرار ہے۔واضح رہے کہ 8؍مئی 2006کو مہاراشٹر اے ٹی ایس کی ٹیم نے ایک ٹاٹا سومو اور ایک انڈیکا کار کا چاندواڑ من ماڈ ہائی وے پر اورنگ آباد کے نزدیک تعاقب کیا اور تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے30کلو آر ڈی ایکس، 10اے کے- 47رائفلیں اور 3200گولیاں برآمد کرنے کا دعوی کیا تھا ۔جند ال جو مبینہ طور پر انڈیکا کار ڈرائیوکر رہا تھا، پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونکنے میں کامیاب رہا۔